سعودی حکومت کی جانب سے 3 ارب ڈالرز کی سپورٹ اگلے ہفتے تک ہمیں مل جائے گی، وزیرِ خزانہ

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت آئندہ ہفتے تک موصول ہونے کی توقع ہے۔

پاکستانی سفارت خانے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی حکام کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں اس امداد پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اور یہ رقم اضافی ڈپازٹس کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے موجودہ ڈپازٹ میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا ہے، جو اب سالانہ رول اوور کے بجائے 3 سال کے لیے بڑھا دی جائے گی، جس کی میچورٹی 2028 تک ہو جائے گی۔

محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں 1.4 ارب ڈالر کی ادائیگیاں وقت پر مکمل کی ہیں اور آئندہ بھی تمام مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کی جائیں گی۔

وزیر خزانہ نے سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button