کربلا محض تاریخ کا ایک واقعہ نہیں بلکہ جرات، استقامت، قربانی اور غیر متزلزل ایمان کا ایک ابدی پیغام ہے،فریال تالپور

کراچی/اسلام آباد/لاہور/مظفر آباد/لاڑکانہ (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے یومِ عاشور کے موقع پر نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میدانِ کربلا میں دی گئی عظیم قربانی حق، انصاف، حریت اور انسانی وقار کی ایسی لازوال علامت ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فریال تالپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ کربلا محض تاریخ کا ایک واقعہ نہیں بلکہ جرات، استقامت، قربانی اور غیر متزلزل ایمان کا ایک ابدی پیغام ہے۔ حضرت امام حسینؑ نے ظلم و جبر کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے حق اور اصولوں کی سربلندی کے لیے اپنی جان اور اپنے اہلِ خانہ کی بے مثال قربانی پیش کرکے انسانیت کو یہ درس دیا کہ عزت، سچائی اور انصاف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ معاشرے میں مظلوموں کا ساتھ دینا، بے آواز لوگوں کی آواز بننا اور انصاف، رواداری اور انسان دوستی کے اصولوں کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کے بقول حضرت امام حسینؑ کی روشن میراث پوری نوعِ انسانی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
فریال تالپور نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یومِ عاشور کے موقع پر کربلا کے لازوال اسباق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور ایسے معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں جہاں حق باطل پر غالب آئے، انصاف ظلم پر فتح پائے اور انسانیت، اخوت اور ہمدردی کو فروغ حاصل ہو۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، ملک کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا کرے اور پوری قوم کو حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی اور تعلیمات کے روشن راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔



