پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 3 ماہ کے دوران 1242 ارب روپے سے زائد کا اضافہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے بیرونی قرضوں میں کمی کے بعد پھر سے اضافہ شروع ہوگیا، 3 ماہ کے دوران ملک کے بیرونی قرضوں میں 1242 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا۔
دستاویزات کے مطابق تین ماہ میں حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 3112 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس میں سے 1242 ارب روپے کے بیرونی قرض بھی شامل ہیں جبکہ حکومت کے ملکی قرضوں میں 1870 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔
حکومت کے ملکی مجموعی قرضے 59 ہزار 441 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، مارچ 2026 تک پاکستان کا مجموعی بیرونی قرض 22 ہزار 958 ارب روپے تھا، جون 2026 تک بیرونی قرضہ بڑھ کر 24 ہزار 200 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 2026 کے پہلے 3 ماہ میں بیرونی قرضوں میں 207 ارب روپے کمی کی گئی، جون 2025 سے مارچ 2026 تک بیرونی قرضوں میں 458 ارب روپے تک کمی ہوئی، مارچ سے جون تک طویل المدتی بیرونی قرضوں میں 19 ہزار 720 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ قلیل المدتی بیرونی قرضے 3 ماہ میں 506 ارب روپے تک کم ہوگئے۔
مارچ 2026 میں پاکستان کے طویل المدتی بیرونی قرضے 19 ہزار 720 ارب روپے تھے، جون 2026 تک طویل مدتی بیرونی قرض بڑھ کر 21 ہزار 768 ارب روپے تک پہنچ گیا۔



