ترکیےکے دفاعی سامان کی طلب پوری دنیا میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، رجب طیب اردوان

استنبول(جانوڈاٹ پی کے) ترک صدر رجب طیب اردوان نےکہا ہےکہ ہم نہیں چاہتےکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پورے خطے میں مزید پھیل جائے۔
ترک میڈیا کے مطابق استنبول میں عراق کی کرد علاقائی حکومت کے رہنما سے ملاقات میں ترک صدر امریکا اور ایران کے جاری تنازع کے دوران عراق پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکیے اس بات کے خلاف ہے کہ یہ تنازع خطے کے دیگر ممالک تک پھیلے۔
صدر اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ عراق میں استحکام پورے خطے کے لیے انتہائی اہم ہے،عراق میں مرکزی حکومت کی جلد تشکیل ملک کے اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط کرےگی۔
اس سے قبل جمعہ کو استنبول میں منعقدہ دفاعی نمائش میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترکیے نے دفاع، ہوا بازی اور خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا بھر میں ابھرتے ہوئے ممالک میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے، ترکیےکے دفاعی سامان کی طلب نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے کئی دہائیوں کی محنت، ایک لاکھ سے زائد محب وطن افراد کی دن رات کی لگن، عوام کی حمایت اور ریاست کا عزم شامل ہے۔
صدر اردوان بتایا کہ نمائش کے دوران 182 معاہدے طے پائے جن کی مجموعی مالیت 8 ارب ڈالر رہی، جب کہ ان میں سے 6 ارب ڈالر برآمدی معاہدوں پر مشتمل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2026 کے پہلے چار ماہ میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ہماری دفاع برآمدات میں 28 فیصد اضافہ ہوا، ہم نے 2.871 ارب ڈالر کی برآمدات کیں۔



