امریکی کروڑ پتی شکاری افریقہ میں ہاتھیوں کے حملے میں ہلاک

گیبون (ویب ڈیسک )ایک امریکی کروڑ پتی ٹرافی ہنٹر افریقی ملک گیبون میں ہاتھیوں کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق 75 سالہ ارنی ڈوزیو، جو کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک وائن یارڈ کے مالک تھے، گیبون کے لاؤپے اوکانڈا جنگلات میں شکار کے لیے موجود تھے۔
وہ ہرن کے شکار کے دوران اپنے گائیڈ کے ساتھ تھے جب اچانک 5 مادہ ہاتھی اپنے بچے کے ساتھ ان کے قریب آ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہاتھیوں نے اچانک اس وقت حملہ کیا جب شکار کرنے والی ٹیم ان کے قریب پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں ارنی ڈوزیو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے گائیڈ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
سفاری آپریٹر ‘کلیکٹ افریقہ’ نے واقعے میں اپنے کلائنٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ انتہائی غیر متوقع تھا کیونکہ ہاتھیوں نے اپنے بچے کے ساتھ انسانوں کی موجودگی کو خطرہ سمجھ کر ردعمل دیا۔
ارنی ڈوزیو امریکہ کی ایک بڑی زرعی وائن کمپنی کے مالک تھے اور طویل عرصے سے افریقہ اور امریکا میں بڑے جانوروں کے شکار کے شوقین سمجھے جاتے تھے۔ ان کے پاس مختلف جانوروں کے ٹرافی شکار کے نایاب نمونے بھی موجود تھے۔
گیبون کے جنگلات افریقی ہاتھیوں کی بڑی آبادی کے لیے مشہور ہیں، جہاں دنیا کے زیادہ تر جنگلی ہاتھی پائے جاتے ہیں۔
واقعے کے بعد امریکی سفارت خانے نے ان کی میت کو وطن واپس بھیجنے کے انتظامات شروع کر دیے ہیں، یہ واقعہ ٹرافی ہنٹنگ انڈسٹری اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر بحث کو جنم دے رہا ہے۔



