خیبرپختونخوا میں بڑا آپریشن،2اہم کمانڈرز سمیت9دہشت گرد ہلاک

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم اور پشاور میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 2 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 ستمبر کو ضلع کرم میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے منسلک افغان شہری عبید اللہ سعد اپنے 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا عبید اللہ سعد افغانستان کے صوبے لوگر کا رہائشی اور کالعدم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا۔ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔
دوسری جانب پشاور کے علاقے شمشتو کیمپ، ارمڑ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں تنظیم کا اہم کمانڈر عمران عرف عبداللہ بھی شامل ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، ہینڈ گرینیڈ، خودساختہ آئی ای ڈی اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر دھماکوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ہلاک کمانڈر عمران اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق عمران ترلئی حملہ کیس سمیت ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث تھا، جبکہ اس کی گرفتاری میں مدد دینے کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔
سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔



