شہزادی ڈیانا کا مشہور ’ریوینج ڈریس‘30سال بعدپھر نیلامی کیلئے پیش

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) شہزادی ڈیانا کا فیشن کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جانے والا مشہور سیاہ ’ریوینج ڈریس‘ تقریباً 30 سال بعد ایک مرتبہ پھر نیلامی کیلئے پیش کیا جا رہا ہے، جس کی قیمت لاکھوں ڈالرز تک پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق معروف ڈیزائنر کرسٹینا اسٹیمبولین کا تیار کردہ یہ سیاہ ریشمی آف شولڈر لباس 9 دسمبر کو نیویارک میں سوتھبیز کی خصوصی فیشن نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔ لباس کی متوقع قیمت 1 لاکھ 50 ہزار سے 3 لاکھ ڈالر کے درمیان بتائی گئی ہے۔
شہزادی ڈیانا نے یہ لباس جون 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں وینٹی فیئر کی ایک تقریب کے دوران پہنا تھا۔ اس موقع کی خاص بات یہ تھی کہ اسی روز ان کے شوہر اور اس وقت کے شہزادہ چارلس کا ایک ٹی وی انٹرویو نشر ہوا، جس میں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کے دوران بے وفائی سے متعلق گفتگو کی تھی۔
ڈیانا نے تقریب کیلئے ابتدائی طور پر ایک مختلف لباس منتخب کیا تھا، تاہم آخری وقت میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے یہ بولڈ سیاہ لباس پہن کر تقریب میں شرکت کی۔
سابق اسٹائلسٹ اینا ہاروی کے مطابق ڈیانا تقریباً تین سال سے یہ لباس اپنے پاس رکھے ہوئے تھیں، تاہم وہ اسے عوامی تقریب کیلئے ’’ضرورت سے زیادہ بولڈ‘‘ سمجھتی تھیں۔ اس رات ڈیانا کی خواہش تھی کہ وہ انتہائی پُراعتماد اور شاندار نظر آئیں۔
اسی پس منظر میں یہ لباس بعد ازاں دنیا بھر میں ’ریوینج ڈریس‘ کے نام سے مشہور ہوا اور اسے شہزادی ڈیانا کے سب سے یادگار فیشن لمحات میں شمار کیا جانے لگا۔
ڈیانا نے اس لباس کو دوبارہ کسی عوامی تقریب میں نہیں پہنا۔ 1997 میں انہوں نے اپنے دیگر 79 ملبوسات کے ساتھ یہ لباس بھی کینسر اور ایڈز سے متعلق فلاحی کاموں کیلئے نیلام کردیا تھا۔
نیلامی کے بعد یہ لباس تقریباً تین دہائیوں تک موجودہ مالکان کے پاس رہا۔ دسمبر میں نیویارک کی نیلامی سے قبل تاریخی لباس کو لندن، ہانگ کانگ اور جنیوا میں بھی نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔



