صائم ایوب کو ایجبسٹن ٹیسٹ کھلانے پر ناصر حسین برہم، بڑا سوال اٹھا دیا

برمنگھم (جانو ڈاٹ پی کے) ویسٹ انڈیز میں کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کھیلنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے میدان میں اترنے والے نوجوان بیٹر صائم ایوب کو دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد سابق انگلش کپتان ناصر حسین کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ناصر حسین نے صائم ایوب کو ایجبسٹن ٹیسٹ میں کھلانے کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ صائم ایوب کو یہاں نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق صائم ایوب سی پی ایل سے آئے اور گزشتہ کچھ عرصے سے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی نہیں کھیلی، ایسے میں مختلف کنڈیشنز سے براہ راست انگلینڈ لاکر ان سے کارکردگی کی توقع کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرے فارمیٹ سے آنے والا کھلاڑی فوری طور پر ڈیوکس گیند، برائیڈن کارس، اولی رابنسن اور انگلینڈ کے اٹیک کا سامنا کیسے کرسکتا ہے؟ انہوں نے اسے ٹیسٹ کرکٹ کو وہ عزت اور اہمیت نہ دینے کے مترادف قرار دیا جو اسے ملنی چاہیے۔
ناصر حسین نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ تمام فارمیٹس میں سب سے مشکل فارمیٹ ہے اور انگلینڈ میں ٹاپ آرڈر پر بیٹنگ کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔
انہوں نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی دنیا کے ایک حصے سے کھلاڑی کو بلا کر مختلف کنڈیشنز میں کھیلانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے بھارتی اسٹار وریندر سہواگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سہواگ کو بھی ماضی میں یہاں لایا گیا تھا اور وہ بھی جدوجہد کرتے ہوئے ایک اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
سابق انگلش کپتان کے مطابق سہواگ، صائم ایوب کے مقابلے میں کہیں زیادہ تجربہ کار کھلاڑی تھے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب ایجبسٹن ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں کوئی رن نہ بنا سکے، جس کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت اور تیاری کے حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔



