چترال میں افسوسناک حادثہ، معروف پیراگلائیڈر آصف محمود جاں بحق

ایبٹ آباد (جانو ڈاٹ پی کے) چترال میں پیراگلائیڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں معروف پیراگلائیڈر اور غوطہ خور آصف محمود جاں بحق ہوگئے۔
اہلخانہ نے آصف محمود کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ روز چترال کے علاقے بونی میں پیراگلائیڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خراب موسم کے باعث حادثہ دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں پیش آیا، جس کے بعد آصف محمود کی تلاش شروع کردی گئی تھی۔ ریسکیو اور متعلقہ اداروں کی جانب سے گزشتہ روز سے جاری تلاش کے بعد آج ان کی لاش برآمد کرلی گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف محمود کا تعلق خان پور کے علاقے سورج گلی سے تھا۔ حادثے کی مزید تفصیلات اور وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔



