بلوچستان میں سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے کا فیصلہ، 28 محکموں میں ای فائلنگ نافذ

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے اور سرکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلہ سازی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل اصلاحات اور حکومتی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کا نظام نافذ کیا جا چکا ہے، جبکہ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق صوبے کے سرکاری محکموں میں اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں۔ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آنے، فیصلہ سازی بہتر ہونے اور حکومتی کارکردگی میں اضافے کی توقع ہے، جس سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری امور میں ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے شفافیت، تیز رفتاری اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کی مؤثر معاونت یقینی بنائی جائے اور سرکاری معاملات کو جدید نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا ہوگا۔ سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ حکومتی کارکردگی میں بھی بہتری لائی جا سکے۔



