واپڈا اہلکار کی مبینہ غفلت، لائن مین کرنٹ لگنے سے جاں بحق، ورثا کا سخت کارروائی کا مطالبہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) واپڈا کے چاہ میراں سب ڈویژن میں مبینہ غفلت کے باعث ایک لائن مین جان کی بازی ہار گیا، جبکہ واقعے کے بعد لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق ایل ایس مینٹیننس حماد شاہ نے مرمت کے کام کے لیے پرمٹ حاصل کرکے بجلی کی سپلائی بند کروائی اور لائن مین انور کو پول پر چڑھا کر کام پر لگا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران حماد شاہ مبینہ طور پر اپنے نجی کام کے سلسلے میں موقع سے چلا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ بعد ازاں کسی نامعلوم شخص نے بجلی کی سپلائی بحال کر دی، جس کے نتیجے میں پول پر کام کرنے والے لائن مین انور کو کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

واپڈا ذرائع کے مطابق قواعد و ضوابط کے تحت پرمٹ لینے والے متعلقہ اہلکار کو خود بجلی کی سپلائی بحال کرنا ہوتی ہے، تاہم مبینہ طور پر اس معاملے میں لاپرواہی برتی گئی، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

جاں بحق لائن مین انور کے ورثا اور اہل علاقہ نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور اعلیٰ واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور مبینہ غفلت کے مرتکب اہلکار حماد شاہ کو ملازمت سے برطرف کیا جائے۔

دوسری جانب واقعے کی سرکاری تحقیقات اور متعلقہ حکام کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button