بجلی صارفین پر ایک اور بجلی بم، فی یونٹ 2 روپے 58 پیسے تک مہنگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کردی گئی، نیپرا نے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نیپرا کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے، جس کا اطلاق ستمبر 2026 کے بجلی بلوں میں ہوگا۔ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین پر 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہوگا۔

دوسری جانب سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیپرا نے اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026 تک ہوگا، جبکہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی کیا جائے گا۔

نیپرا حکام کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

یوں دونوں ایڈجسٹمنٹس کو ملا کر متعلقہ مدت میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 58 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا اثر پڑے گا۔

مزید خبریں

Back to top button