بدین میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی عظیم الشان محفل، سینکڑوں افراد کی شرکت

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کے سیکریٹری اطلاعات پیر وقار حسین شاہ جیلانی کی رہائش گاہ پر جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں عظیم الشان اور بابرکت محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، نعت خواں حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، عقیدتمندوں اور مریدین سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

محفلِ میلاد النبی ﷺ سے معروف عالم دین سائیں محمد میمن عرف مٹھو سائیں سمیت دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا۔ مقررین نے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ، شان و فضیلت اور تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

علمائے کرام نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت و سنت اور تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزاریں اور محبتِ رسول ﷺ کو اپنے ایمان کا لازمی حصہ بنائیں۔

محفل کے دوران مختلف نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول پیش کیے اور خوبصورت نعتیں پڑھیں، جس سے محفل کا ماحول روحانی اور ایمانی کیفیت سے سرشار ہوگیا۔ نعت خوانی کے دوران شرکاء نے درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

تقریب میں سابق کونسلر و پاکستان پیپلز پارٹی سٹی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اعجاز خواجہ، رحیم کٹی، سینئر صحافی سانوں خاصخیلی، نور حسن سولنگی، رجب راہموں، حمید عمرائی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، پیر وقار حسین شاہ جیلانی کے مریدین اور عقیدتمندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محفلِ میلاد النبی ﷺ کے اختتام پر امتِ مسلمہ، ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، امن و استحکام اور باہمی بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

شرکاء نے پیر وقار حسین شاہ جیلانی کی جانب سے منعقد کی گئی محفل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی روح پرور محافل محبتِ رسول ﷺ، اسلامی اخوت، بھائی چارے اور امن و سلامتی کا پیغام عام کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button