ترک اداکارہ 35 ویں سالگرہ منانے کے بعد اگلے ہی روز انتقال کر گئیں

استنبول(جانوڈاٹ پی کے)ترک شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ Ece Ertem 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ مقبول ترک ڈرامے One Love میں "اشیل” کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کی اچانک موت نے مداحوں اور فنکار برادری کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ایجے اِرتم پیر کی دوپہر اپنے گھر میں بے ہوش حالت میں پائی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنی والدہ کے ساتھ گھر پر موجود تھیں جب انہیں اچانک طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اداکارہ کے وکیل اوغور گوک کویون کے مطابق ابتدائی طبی جائزوں سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایجے اِرتم کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ تاہم واقعے کی باضابطہ تحقیقات جاری ہیں اور موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
وکیل نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی بھی سختی سے تردید کی جن میں اداکارہ کی موت کو خودکشی قرار دیا جا رہا تھا۔
ایجے اِرتم نے انتقال سے محض ایک روز قبل اپنی 35ویں سالگرہ منائی تھی، جس کے بعد ان کی اچانک وفات کی خبر نے مداحوں کے غم میں مزید اضافہ کر دیا۔



