تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف بڑا ایکشن پلان، سی سی ڈی کا کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سی سی ڈی نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال، خرید و فروخت اور ترسیل کی روک تھام کے لیے ہنگامی ایکشن پلان تیار کرلیا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق تعلیمی اداروں اور ان کے گردونواح میں منشیات فروشی کے خلاف قانون فوری حرکت میں لایا جائے گا، جبکہ طلبہ و طالبات کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیمی اداروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، جبکہ بڑے منشیات نیٹ ورکس اور ڈیلرز کے خلاف قانون پوری قوت سے حرکت میں آچکا ہے۔
سی سی ڈی نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی عادات، سرگرمیوں اور روزمرہ معمولات پر خصوصی نظر رکھیں تاکہ منشیات کے استعمال کی بروقت نشاندہی کی جاسکے۔
ترجمان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کی بلاخوف نشاندہی کریں۔ عوامی تعاون سے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔