منشیات کے خاتمے کے لیے ماتلی میں احتجاجی ریلی اور دھرنا

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی)ماتلی شہر اور گردونواح میں آئس سمیت منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار، بدامنی، لاقانونیت اور جرائم کے خلاف مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، اساتذہ اور طلبہ تنظیموں کے رہنماؤں اور سیکڑوں شہریوں نے فلکارہ چوک سے زبردست احتجاجی ریلی نکالی جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ماتلی پریس کلب کے سامنے پہنچی، جہاں مظاہرین نے بدین۔حیدرآباد شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا، ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے آئس سمیت ہر قسم کی منشیات کے خاتمے کے حق میں نعرے لگاتے رہے، ریلی کی قیادت ایڈووکیٹ زاہد حسین چدڑ اور میونسپل کمیٹی ماتلی کے وائس چیئرمین قاضی عبدالوہاب نے کی، جبکہ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی عبدالروف نظامانی، رفیق میمن، اسلم مہندو، خالد مگسی، اسلان خاصخیلی، رسول بخش مگسی، عبدالمقیت نظامانی، کیلاش مکوانہ، مظہر حنیف، احمد میر نظامانی، سلیم یوسف اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماتلی میں خصوصاً آئس جیسی مہلک منشیات کا کاروبار اور استعمال خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس نے نوجوان نسل کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے، متعدد گھرانے تباہ ہو چکے ہیں اور کم عمر بچوں، نوجوانوں، مردوں اور خواتین سمیت معاشرے کا ایک بڑا طبقہ اس لعنت کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جس کے باعث چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں اضافہ ہوا ہے اور شہر کے امن و امان کی صورتحال بھی شدید متاثر ہوئی ہے، مقررین نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو منشیات کے اڈوں کا مکمل خاتمہ کر کے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بعض پولیس اہلکار مبینہ طور پر منشیات فروشوں سے رشوت لے کر انہیں یہ مکروہ دھندا جاری رکھنے کی اجازت دے رہے ہیں، جس کے باعث شہر میں منشیات کا کاروبار بے خوفی سے جاری ہے، مقررین نے خبردار کیا کہ اگر آئس سمیت دیگر منشیات کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی، انہوں نے حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آئس سمیت ہر قسم کی منشیات کے کاروبار کے خلاف فوری، بلاامتیاز اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کیا جائے، منشیات فروشوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے اور ماتلی کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔



