تھرپارکر:پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن،2 ملزمان گرفتار،4400 سفینہ گٹکا پاؤچز اور130 لیٹر دیسی شراب برآمد

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس نے 4400 پاؤچز سفینہ گٹکا اور 130 لیٹر دیسی شراب برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق تعلقہ چھاچھرو میں انچارج سی آئی تھرپارکر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے نورانی، تعلقہ ڈاہلی کے رہائشی ملزم لقمان ولد خضر راہموں کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 4400 پاؤچز سفینہ گٹکا برآمد ہوئے، جس کے خلاف پولیس اسٹیشن چھاچھرو میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ دوسری کارروائی ننگرپارکر میں کی گئی، جہاں ایس ایچ او نے پولیس ٹیم کے ہمراہ شراب کی بھٹی پر چھاپہ مار کر ملزم شنکر ولد والو میگھواڑ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 130 لیٹر دیسی شراب برآمد کرکے اس کے خلاف پولیس اسٹیشن ننگرپارکر میں مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے کامیاب کارروائیوں پر سی آئی ای انچارج تھرپارکر، ایس ایچ اوز اور پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔



