پنجاب میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی مزید 30 روز کیلئے برقرار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت عائد کی گئی ہے، جس کے تحت آؤٹ ڈور ڈرونز کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔
حکومت نے ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی ہے، تاہم ان کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہوگی۔
انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے ڈرون استعمال کرنے کی صورت میں ضلعی سطح پر قائم ’’سیف ڈرون یوزیج کمیٹی‘‘ سے تحریری اجازت لینا لازمی ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق کمیٹی کی اجازت حاصل کرنے کے بعد متعلقہ مقاصد کیلئے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ تصور کیا جائے گا۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں۔ صوبہ بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو پابندی پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔



