ٹرمپ کا بڑا دعویٰ: ایران سے آئندہ ہفتے معاہدے اور جنگ بندی میں توسیع کا امکان

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ طے پا سکتا ہے، جس کے تحت موجودہ جنگ بندی میں توسیع اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ بین الاقوامی بحری آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکا کو جنگ بندی سے متعلق پیغامات کے تبادلے میں تعطل کے فیصلے سے پیشگی آگاہ نہیں کیا، تاہم اس پیش رفت کا یہ مطلب نہیں کہ امریکا دوبارہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی یا بمباری شروع کر دے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے پیغامات کے تبادلے میں وقفہ پیدا ہونے سے کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اس وقت کا انتظار کرے گا جب ایران امریکی شرائط کے مطابق معاہدے کے لیے تیار ہوگا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا فی الحال تحمل کا مظاہرہ کرے گا، تاہم ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے بحری ناکہ بندی جاری رکھی جائے گی تاکہ تہران کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔



