2 سال پہلے امریکہ مردہ ملک تھا، اب ہر کوئی عزت کر رہا ہے، ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دو سال پہلے امریکہ ایک مردہ ملک تھا لیکن اب پوری دنیا امریکہ کی عزت کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت ختم کر دی گئی، ایران کے پاس نہ ایئر فورس ہے اور نہ ہی نیوی، جبکہ امریکہ کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج موجود ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فیک نیوز چینلز جنگ سے متعلق غلط خبریں نشر کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے چین کا تاریخی دورہ کیا اور چینی صدر Xi Jinping ایک اچھے انسان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے سعودی عرب امریکہ میں 2 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا تھا جو اب بڑھ کر 18 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
قبل ازیں وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایران میں وہی کر رہا ہے جو وینزویلا میں کیا گیا، ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران معاہدے کیلئے بے تاب ہے اور امریکی حملوں سے ایران کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بعد ازاں نیویارک میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران دو مرتبہ احتجاج بھی ہوا، مظاہرین نے ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی کی جس پر انتظامیہ نے احتجاج کرنے والوں کو پنڈال سے باہر نکال دیا۔



