بدین:منشیات کے عادی شوہر سے مبینہ تشدد کا سامنا، خاتون کا پولیس سے تحفظ کا مطالبہ

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)منشیات کے عادی شوہر کا مبینہ تشدد، خاتون بچوں سمیت تحفظ کی فریاد لے کر پریس کلب پہنچ گئی آئس اور دیگر منشیات کے استعمال کا الزام، شوہر پر مارپیٹ کرکے گھر سے نکالنے کا الزام بچوں کی سلامتی پر بھی خدشات کا اظہار تفصیل کے مطابق بدین میں منشیات کے کھلے عام کاروبارِ اور استعمال کے باعث متعدد خاندان متاثر ہونے لگے ہیں، تاہم منشیات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کے دعووں کے باوجود متاثرہ شہریوں کی شکایات کا سلسلہ جاری ہے بدین کے پیر عالی شاہ کوٹ کی رہائشی خاتون تانیہ شیدی اپنے شوہر کے مبینہ تشدد اور دھمکیوں سے تنگ آکر انصاف اور تحفظ کی فریاد لے کر بدین پریس کلب پہنچ گئی صحافیوں کے سامنے فریاد کرتے ہوئے تانیہ شیدی نے الزام عائد کیا کہ اس کا شوہر رب ڈنو شیدی آئس اور دیگر منشیات کا استعمال کرتا ہے اور گزشتہ کئی روز سے اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ خاتون کے مطابق شوہر نے اسے بچوں سمیت گھر سے نکال دیا ہے ثانیہ شیدی نے بتایا کہ وہ دو بچوں کی ماں ہے جبکہ اس کا ایک بچہ اس کے بطن میں ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ شوہر کے مبینہ تشدد کے خلاف وہ متعدد مرتبہ پولیس تھانے میں شکایات درج کرا چکی ہے، تاہم اسے تاحال انصاف نہیں مل سکا
خاتون نے مزید الزام عائد کیا کہ اس وقت اسے اپنی جان کا بھی خطرہ ہے، جبکہ اس کا شوہر بچوں کو اپنے ساتھ لے گیا ہے، جس کے باعث اسے خدشہ ہے کہ بچوں کو بھی کوئی جانی نقصان پہنچ سکتا ہے ثانیہ شیدی نے بدین پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کے شوہر رب ڈنو شیدی کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا جائے، منشیات کے استعمال کی بھی تحقیقات کی جائیں اور اسے اور اس کے بچوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔



