ڈالر 250 روپے سے نیچے جا سکتا ہے، ملک بوستان کی بڑی پیش گوئی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت 250 سے کم ہونے کی پیش گوئی کردی۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے موجودہ صورتحال، ڈالر کے استحکام اور حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اہم کردار کی روشنی میں یہ پیش گوئی کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر صورت حال ایسے ہی رہی تو آنے والے دنوں میں ڈالر کی قدر 250روپے سے نیچے آسکتی ہے۔

ملک بوستان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے ترسیلاتِ زر کی ‘پی آر ائی’ اسکیم ختم کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریمیٹینس اینشیٹیو اسکیم کی بدولت ترسیلاتِ زر 9 ارب سے 41ارب ڈالر تک بڑھیں اور اسی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر میں استحکام آیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ترسیلاتِ زر کی ٹرانزیکشن پر فیس نہیں لی جاتی تھی جبکہ حکومت بیرونی ایکسچینج کمپنیوں کو فی ٹرانزیکشن 50 ڈالر قومی خزانے سے ادا کرتی تھی۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ 2025 میں حکومتی انسینٹیو کی وجہ سے ترسیلات زر کی رقم کا حجم بڑھ کر 209 ارب تک پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ سال پی آر آئی اسکیم کو ختم کرنے کی شرط عائد کی گئی، جس کے پیش نظر رواں سال پی آر آئی اسکیم کو ختم کرنے کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر اس میں کچھ اصلاحات کرتی تو ترسیلاتِ زر کا سلسلہ جاری رہتا، ترسیلاتِ زر پر اگر فیس شروع ہوتی ہے تو ترسیلاتِ زر میں کمی کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم ختم ہونے کے بعد امید ہے کہ ترسیلاتِ زر مستحکم ہی رہیں گی کیونکہ ڈیڑھ کروڑ پاکستانی بیرون ملک کام کرتے ہیں۔

ملک بوستان نے کہا کہ ڈالر کے استحکام اور حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اہم کردار ہے اور آنے والے دنوں میں ڈالر کی قدر 250روپے سے نیچے آسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button