وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر کی دعوت پر ہفتے کو ترکیے کا دورہ کریں گے

استنبول(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیے کے صدر رجب طیب ایردوان کی خصوصی دعوت پر ہفتے کے روز استنبول پہنچیں گے جہاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم شعبوں پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات کریں گے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتِ حال، خطے میں امن کے امکانات اور عالمی سفارتی سرگرمیاں ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث اس ملاقات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ایردوان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت، علاقائی روابط اور اسٹریٹجک تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
دونوں رہنما اس امر پر بھی غور کریں گے کہ گزشتہ برسوں میں قائم ہونے والی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دیتے ہوئے اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک کیسے پہنچایا جائے۔
صدر ایردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ایک ایسے مرحلے پر بھی منعقد ہو رہی ہے جب آئندہ ہفتے انقرہ میں نیٹو کے اہم اجلاس اور یورپی و علاقائی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
توقع ہے کہ دونوں رہنما غزہ، ایران، شام، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال، علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، توانائی کے تحفظ اور بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کریں گے۔
پاکستان اور ترکیے دونوں ایران کے ہمسایہ ممالک ہیں اور تہران کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ اس تناظر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں پائیدار امن، استحکام اور مستقبل کی علاقائی حکمتِ عملی پر مشاورت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ سفارتی مبصرین کے مطابق اسلام آباد اور انقرہ خطے میں کشیدگی کے بجائے مذاکرات، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے مشترکہ مؤقف پر متفق ہیں، جس سے مستقبل میں دونوں ممالک کے کردار کی اہمیت مزید بڑھ سکتی ہے۔
دورے کا اقتصادی پہلو بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف استنبول میں پاکستان۔ترکیے بزنس فورم سے خطاب کریں گے، جس میں ترکیے کے نائب صدر جودت یلماز، دونوں ممالک کے وزرا، ممتاز صنعت کار، سرمایہ کار، کاروباری تنظیموں کے نمائندے اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
بزنس فورم کا بنیادی مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو ترکیے کی کاروباری برادری کے سامنے پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، مینوفیکچرنگ، تجارت اور نجکاری سمیت متعدد ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف ترکیے کے نمایاں کاروباری گروپس کے چیف ایگزیکٹو افسران سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات، حکومتی مراعات، کاروباری سہولتوں اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔



