مذاکرات ہتھیار ڈالنے کے مترادف نہیں، ایرانی صدر کا دوٹوک اعلان

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کا مطلب ہرگز ہتھیار ڈالنا نہیں بلکہ ایران اپنے قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوط مؤقف کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر نے یہ بیان جنگ کے باعث ہونے والے نقصانات کی بحالی سے متعلق ایک اجلاس کے دوران دیا۔انہوں نے کہا کہ ایران کا بنیادی مقصد ایرانی عوام کے حقوق کا حصول اور قومی مفادات کا طاقت اور وقار کے ساتھ دفاع کرنا ہے۔صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا اور کسی بھی مذاکراتی عمل میں قومی خودمختاری اور عوامی حقوق کو مقدم رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں مذاکرات کو کمزوری یا پسپائی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے جنگ کے بعد بحالی کے عمل پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔



