مٹیاری: خسرہ و روبیلا ویکسین مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی، ڈپٹی کمشنر کا والدین سے بچوں کی فوری ویکسینیشن پر زور

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا کہ ہمیں ایک صحت مند نوجوان نسل کی سخت ضرورت ہے، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب والدین اپنے پیدا ہونے والے بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگوا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انہوں نے یہ بات آج محکمہ صحت کی جانب سے ڈی ایچ او آفس مٹیاری میں خسرہ سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکوں کی اہمیت کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے بطور خاص مہمان خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ بیماریاں ایسی ہوتی ہیں جن سے بچاؤ کے لیے پہلے سے حفاظتی ٹیکے لگوانا لازمی ہوتا ہے، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ان بیماریوں سے بچانے کے لیے لازمی طور پر حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔
اس موقع پر ضلع صحت افسر مٹیاری آصف حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام محکموں کی مشترکہ کاوشوں اور عوامی شعور کے ذریعے ہی مختلف بیماریوں کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مٹیاری میں 17 نومبر سے 29 نومبر تک خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لیے ویکسین مہم شروع کی جا رہی ہے، جس میں مجموعی طور پر 1,25,321 بچوں کو خسرہ اور روبیلا کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ہدف کو مکمل کرنے کے لیے 101 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 71 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 6 موبائل ٹیمیں، اور 18 فکسڈ سائٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 35 سپروائزرز اور 4 ضلعی سطح کی ہیلتھ مینجمنٹ ٹیمیں بھی مقرر کی گئی ہیں، جن میں AEFI فوکل پرسن بھی شامل ہے تاکہ مہم کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال کو مؤثر طریقے سے سنبھالا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے تمام انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں، اور ہمارا مقصد مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کرنا ہے تاکہ ضلع کو خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں سے پاک بنایا جا سکے۔
سیمینار کے دوران ماہرین اور سماجی رہنماؤں نے زور دیا کہ خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے بچوں کی حفاظت کے لیے حفاظتی ٹیکے لگوانا انتہائی ضروری ہے، جبکہ یہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لے۔
آگاہی سیمینار کے بعد ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی، جس میں ضلعی افسران، محکمہ صحت کے عملے اور شہری برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار میں ضلعی تعلیم افسر مٹیاری، ڈی ای او سی ٹیم مٹیاری، پی پی ایچ آئی مٹیاری، ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں، غیر سرکاری تنظیموں، سول سوسائٹی، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور آگاہی ریلی کی قیادت کی۔



