یومِ دفاع عزم، شجاعت اور قربانی کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، رضوان سعید شیخ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہداء عزم، شجاعت اور قربانی کی لازوال یادیں لے کر آتا ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر جبکہ سفارت کاری عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔
سفیر پاکستان نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں سفارتخانہ پاکستان میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں، ملٹری و سروسز اتاشیوں، امریکی حکومت کے اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ غیر متزلزل عزم اور شجاعت کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا، جبکہ پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن معرکۂ حق کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے، اب ملک کی معیشت کو بھی ناقابلِ تسخیر سطح تک مضبوط بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔
پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا اہم ستون ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ امن کے تحفظ کے لیے پاکستان کا اگلا محاذ ناقابلِ تسخیر اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے۔



