پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں52فیصد اضافہ،حجم21.5ارب ڈالرہوگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ خزانہ نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق زرمبادلہ ذخائر، برآمدات، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 52 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 21.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ اس عرصے میں مجموعی برآمدات 11.2 ارب ڈالر جبکہ ترسیلاتِ زر 10.9 ارب ڈالر رہیں۔

براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ کر 72 کروڑ ڈالر ہوگئی، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی خالص بہاؤ 3 ارب 65 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا خالص اخراج ہوا تھا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق اشیا کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ ساڑھے 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ خدمات کی برآمدات 23 فیصد بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئیں۔ آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافے کے ساتھ حجم ایک ارب 25 کروڑ ڈالر رہا، جبکہ فری لانسرز کی برآمدی آمدن 46 فیصد بڑھ کر 55 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مجموعی رقوم کی آمد 14 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیاں 3.1 ٹریلین روپے رہیں اور پہلی سہ ماہی کا مقررہ ہدف عبور کرلیا گیا۔ نجی شعبے کو قرضوں کا حجم بھی بڑھ کر 11.28 ٹریلین روپے ہوگیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16.6 فیصد زیادہ ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق تینوں بڑی عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی درجہ بندی بی کیٹیگری میں برقرار رکھی ہے، جبکہ ملک کے معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button