ماتلی،ٹریکٹر ٹرالی نے 12سالہ بچے کو کچل کر موت کی نیندسلادیا

ماتلی (رپورٹ ایم آر گدی /جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی کے قریب فلکارپولیس پوسٹ کی حدود میں واقع گاؤں ایوب سیال میں اینٹوں سے بھری تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے سڑک سے گزرنے والے 12 سالہ بچے راشد سیال کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور متوفی بچے کی لاش اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کی۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے لیا ہے۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل ہونے پر لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ کمسن بچے کی اچانک ہلاکت کی خبر سنتے ہی اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور گھر میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ گاؤں اور گردونواح کے علاقوں میں افسوس اور دکھ کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button