سريندر ولاسائی سے آئی بی سکھر کے طلبہ کی ملاقات،تعلیم سماجی ترقی کی بنیاد قرار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) بلاول ہاؤس کے ترجمان اور سندھ اسمبلی کے رکن سریندر ولاسائی سے آئی بی سکھر کے طلبہ نے کاجھروی ہاؤس مٹھی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران طلبہ نے علاقے کے سماجی اور تعلیمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ سریندر ولاسائی نے طلبہ کو تعلیم پر خصوصی توجہ دینے اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سریندر ولاسائی نے کہا کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرنی چاہیے، کیونکہ تعلیم ہی غلامی سے نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پڑھ لکھ کر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصل علم وہ ہے جو انسان کی سوچ اور عقل کی حدود کو وسیع کرے، جو صرف معلومات تک محدود نہ ہو بلکہ نئی سوچ، تحقیق اور سمجھ بوجھ کے راستے کھولے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا علم حاصل کرنا چاہیے جو انسان کو آگے بڑھنے اور معاشرے کی خدمت کے قابل بنائے۔ ملاقات کے دوران طلبہ نے سریندر ولاسائی کے تعلیمی حوالے سے خیالات کو سراہا اور مختلف امور پر اپنی رائے بھی پیش کی۔



