بورے والا پولیس کی بڑی کارروائی، موٹر سائیکل چور گینگ کے 2 ملزمان گرفتار

بوریوالا(محمد ریحان خالد سندھو، جانو ڈاٹ پی کے) ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی ہدایات پر تھانہ سٹی بورے والا پولیس نے موٹر سائیکل چور گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 11 مقدمات ٹریس کرکے 17 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی 11 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں صدام عرف دانی سکنہ 447 ای بی اور محمد شہباز سکنہ 124 ای بی شامل ہیں، جو بورے والا اور گرد و نواح سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرنے میں ملوث تھے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 11 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، جن کی مالیت تقریباً 17 لاکھ 70 ہزار روپے ہے۔ کارروائی کے نتیجے میں موٹر سائیکل چوری کے 11 مقدمات بھی ٹریس کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی گیجٹس کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ کامیاب کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی بورے والا مظہر فرید گوندل اور ان کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں ایس ڈی پی او سرکل بورے والا رانا محمد عمران ٹیپو نے برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیں، جس پر متاثرہ شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی پر انہیں شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں متحرک اور منظم جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے



