ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا گندم خریداری مرکز حویلی لکھا کا دورہ

دیپالپور(وسیم احمد غوری/ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے گندم خریداری مرکز حویلی لکھا کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات، کاشتکاروں کو فراہم سہولیات اور گندم کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خریداری مرکز میں موجود عملے کو ہدایت کی کہ صرف معیاری گندم کی خریداری کو یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے باردانہ کی تقسیم اور خریداری کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلع بھر کے گندم خریداری مراکز مکمل طور پر فعال ہیں اور کسانوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ مراکز پر کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے عملہ موجود ہے تاکہ خریداری کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کسان دوست اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔



