ایران پر بڑے حملے کی تیاری،امریکی بحری بیڑے پر بنکر بسٹر بم لوڈ کردئیے گئے،امریکی اخبار

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)صدر ٹرمپ کے مڈٹرم الیکشن سے قبل کوئی فوجی کارروائی کرنے سے گریز کی واضح پالیسی کے باوجود امریکا نے ایران پر بڑی بمباری کی تیاری مکمل کرلی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی خصوصی رپورٹ کے مطابق بحیرہ عرب میں تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن پر بڑے پیمانے پر اسلحہ لوڈ کیا جا رہا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہاز کا عملہ بڑی تعداد میں اسٹینڈ آف لینڈ اٹیک میزائل اور بنکر بسٹر بم جہاز پر چڑھا رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹر شیلبی ہولیڈے نے طیارہ بردار جہاز کے نایاب دورے کے دوران اپنی آنکھوں سے گولہ بارود کے ڈبوں کے بڑے بڑے ڈھیر دیکھے۔

امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ فوج ایران کے خلاف ممکنہ نئی کارروائی کے لیے خود کو پوزیشن کر رہی ہے۔

اخبار کے مطابق لوڈ کیے جانے والے ہتھیار خاص طور پر ایران کی زیر زمین ایٹمی تنصیبات اور مضبوط فوجی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کے لیے موزوں ہیں۔

یاد رہے کہ بنکر بسٹر بم کئی میٹر موٹی کنکریٹ اور چٹانوں کو چیر کر اندر تباہی مچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خلیج میں کشیدگی عروج پر ہے، حوثی ریاض پر میزائل داغ رہے ہیں اور آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا رہے ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس نے پہلے ہی ایران کی جانب سے امریکی اہلکاروں پر حملوں کے خطرے میں اضافے کی وارننگ جاری کر رکھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button