ایران کیخلاف زمینی کارروائی کیلئے 10 لاکھ فوجیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، مشیر ٹرمپ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ڈیوڈ سیکس نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طویل تنازع اور ممکنہ جنگ کے خاتمے کیلئے بہترین راستہ ثابت ہو سکتی ہے۔
اپنے بیان میں ڈیوڈ سیکس نے کہا کہ ایران میں کسی بھی ممکنہ زمینی فوجی کارروائی کیلئے تقریباً 10 لاکھ فوجیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جبکہ اس نوعیت کا آپریشن نہ صرف انتہائی مہنگا ہوگا بلکہ "خودکشی کے مترادف” بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فوجی مداخلت کے بجائے سفارتکاری، مذاکرات اور سیاسی حل ہی خطے میں پائیدار امن کے قیام کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
امریکی مشیر کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت کشیدگی کم کرنے اور مشرق وسطیٰ میں استحکام لانے کیلئے اہم موقع فراہم کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا جنگی تصادم کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور دیرپا نتائج دے سکتا ہے۔



