ڈہرکی: ماڑی انرجیز کے ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے 44 نوجوان فارغ التحصیل

ڈہرکی(رپورٹ: وجے کمار چاولہ)ڈہرکی میں مقامی کمپنی ماڑی انرجیز لمیٹڈ نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنے اور انہیں روزگار کے مواقع سے جوڑنے کے حوالے سے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ ماڑی انرجیز کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگرام کے تحت Mari Digital Skills, Training & Employment Program کے پہلے بیچ کے 44 نوجوانوں نے پانچ ماہ پر محیط تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرلیا۔پروگرام xLoop Digital کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ تربیت حاصل کرنے والے 44 نوجوانوں میں 5 خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں مصنوعی ذہانت (AI)، ایجنٹک ڈیولپمنٹ اور فل اسٹیک ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں جدید تربیت دی گئی۔تربیتی پروگرام میں کلاس روم لرننگ کے ساتھ عملی اور پراجیکٹ پر مبنی تربیت بھی شامل تھی، تاکہ نوجوان حقیقی صنعتی ضروریات کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنا سکیں۔ پروگرام کی اہم کامیابی یہ رہی کہ تمام 44 گریجویٹس کو انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔

گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے xLoop Digital کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و بانی میر ناصر نے کہا کہ ایسے پروگرامز تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے خواتین شرکاء کے لیے ریموٹ ورک اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں کیریئر کے مواقع کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔تقریب میں ماڑی انرجیز کے مینیجنگ ڈائریکٹر فہیم حیدر، ڈائریکٹر HSE نسیم قمر اور xLoop کے چیئرمین دانش اقبال سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اور کامیاب گریجویٹس سے خطاب کیا۔

ماڑی انرجیز کے مینیجنگ ڈائریکٹر فہیم حیدر نے نوجوانوں کو مسلسل سیکھنے اور بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نوجوانوں کی تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی سطح پر مزید تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند گریجویٹس کے لیے ماڑی انرجیز اسپانسرشپ اور معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

ڈائریکٹر HSE نسیم قمر نے کہا کہ ماڑی انرجیز کے آپریشنل علاقوں کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت اور آگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہے، جبکہ کمپنی کا مقصد ان کی صلاحیتوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مواقع سے جوڑنا ہے۔

تقریب کے دوران تمام شرکاء میں تکمیلِ تربیت کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے گریجویٹس کو شیلڈز اور لیپ ٹاپس دیے گئے۔ 100 فیصد حاضری برقرار رکھنے والے شرکاء کے لیے لکی ڈرا کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں تین Evee الیکٹرک بائیکس بطور انعام دی گئیں۔

ماڑی انرجیز کے مطابق پروگرام کا دوسرا بیچ ستمبر 2026 میں شروع کیا جائے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی، روزگار اور بااختیار بنانے کے لیے جاری اقدامات اس کے وسیع تر CSR وژن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد بالخصوص آپریشنل علاقوں کے نوجوانوں کے لیے بہتر اور پائیدار مستقبل کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button