ڈہرکی اور ماڑی فیلڈ میں ماڑی انرجیز کی شجرکاری مہم کا آغاز

ڈهرکي (رپورٹ وجے کمارچاولا ) ڈہرکی ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے شعبۂ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ، سرسبزی کے فروغ اور پائیدار ترقی کے عزم کے تحت ڈہرکی اور ماڑی فیلڈ کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔

اس سلسلے میں ماڑی انرجیز کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب فہیم حیدر نے شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے پودا لگایا۔ اس موقع پر انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف، صحت مند اور سرسبز ماحول کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔

اسی سلسلے میں بوائز ڈگری کالج ڈہرکی اور سنگل سیکشن ہائر سیکنڈری اسکول ڈہرکی میں بھی شجرکاری کی گئی، جہاں طلبہ، اساتذہ اور ماڑی انرجیز کے نمائندگان نے پودے لگا کر ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ تعلیمی اداروں میں شجرکاری کا مقصد طلبہ میں درختوں کی اہمیت، ماحول دوست رویوں اور ماحولیاتی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینا بھی ہے۔

شجرکاری مہم میں امرود، کھجور، شہتوت، جامن، آم، انار، لیموں، بیر، چیکو، پپیتا، شریفہ، بٹر پام، کوناکارپس، کنگ پام، سکھ چین، گلِ موہر، نیم، بیکائن، چائنا کنیر، ٹرمینالیا اور ارجن سمیت مختلف اقسام کے پھل دار، سایہ دار اور آرائشی پودے شامل ہیں۔ ان پودوں کی شجرکاری سے علاقے میں سبزہ بڑھانے، ماحولیاتی خوبصورتی میں اضافہ کرنے، حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینے اور صحت مند ماحول کے قیام میں مدد ملے گی۔

ماڑی انرجیز کی جانب سے اس سے قبل بھی شجرکاری کے مختلف مراحل کے تحت مقامی پودے کامیابی سے لگائے جا چکے ہیں، جن کی شرحِ بقا بھی حوصلہ افزا رہی۔ ان اقدامات سے علاقے میں سبزہ، حیاتیاتی تنوع، ماحولیاتی خوبصورتی اور قدرتی توازن میں بہتری آئی ہے۔موجودہ شجرکاری مہم ماڑی انرجیز کی طویل مدتی ماحولیاتی پائیداری اور سبز ماحول کے فروغ کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ اس اقدام سے فضائی معیار میں بہتری، سایہ کی فراہمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ماڑی انرجیز اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اقدامات کے ذریعے صحت، تعلیم، صاف پانی، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی کی پائیدار ترقی کے شعبوں میں مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ شجرکاری کا یہ اقدام بھی ایک صاف، سرسبز اور صحت مند مستقبل کے لیے کمپنی کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button