اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 دکانیں سیل

اوکاڑہ (وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) شہر میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی کی ری فلنگ کرنے والی دکانوں کے خلاف سول ڈیفنس کی بڑی کارروائی کے دوران 4 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر یہ اقدام کیا۔

سول ڈیفنس حکام کے مطابق آبادی والے علاقوں اور بازاروں میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ انتہائی خطرناک ہے اور کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ ایسے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رہے گا اور کسی کو عوام کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے ایل پی جی شاپ مالکان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر غیر قانونی گیس بھرائی کا عمل بند کریں، ورنہ دکانوں کی سیلنگ کے ساتھ مزید سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button