چین میں کاسمیٹک سرجری کے دوران سنگین غفلت،خاتون کا چہرہ بگڑ گیا

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)چین میں کاسمیٹک سرجری کے دوران سنگین غفلت کے باعث خاتون کا چہرہ بگڑ گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق 24 سالہ خاتون جبڑے کے 2 ملی میٹر معمولی ابھار کو درست کروانے کے لیے ووہان یونیورسٹی ڈینٹل اسپتال گئیں مگر مبینہ طور پر سرجری کے دوران اس کے برعکس جبڑا 13 ملی میٹر باہر کی جانب دھکیل دیا گیا، جس سے ان کے چہرے کی ساخت شدید متاثر ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق سرجری کے دوران دھاتی سوئی سے ایک دانت کی جڑ بھی متاثر ہوئی جبکہ ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہونے سے خاتون کو ناک کے ذریعے سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک معمولی طبی غلطی نہیں بلکہ مکمل طور پر الٹا آپریشن کیا گیا۔ ان کے مطابق خاتون کی معمولی خرابی کو سرجری کے بجائے صرف آرتھوڈانٹک علاج (بریسز وغیرہ) سے بھی درست کیا جا سکتا تھا۔

دوسری جانب سرجری کرنے والے مرکزی ڈاکٹر نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ خاتون کا چہرہ اب پہلے سے زیادہ ’مغربی اور اسٹائلش‘ دکھائی دیتا ہے۔

متاثرہ خاتون نے اس سرجری پر 55 ہزار امریکی ڈالر سے زائد خرچ کیے، جبکہ ماہرین کے مطابق چہرہ اور جبڑا دوبارہ درست کرنے کے لیے کم از کم 5 سال اور 2 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ لاگت آئے گی۔

واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسپتال نے سرجری کی رقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جبکہ متعلقہ چینی صحت حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ توقع ہے کہ یہ معاملہ قانونی کارروائی تک پہنچ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button