پاکستان کےجائز پانی کےحصے کیلئےتمام ضروری اقدامات سےگریز نہیں کیا جائے گا،پاک فوج کاواضح اعلان
افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے حملوں کی منصوبہ بندی پر شدید تحفظات کا اظہار

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کورکمانڈرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام کمانڈرز جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل کریں، پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیرکی زیرصدارت276ویں کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس دوران فورم نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ ملکی سلامتی، اتحاد اوراستقامت کی بنیادرہیں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔فورم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پر بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے، یہ ذمہ داری افغان طالبان رجیم کی خودساختہ لیڈر شپ کی ہے کہ اُن کے زیر ِ تسلط زمین پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال نہ ہوں۔
کور کمانڈرز نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔شرکاء نے کہا کہ یہ لازم ہے کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا نظام مہیا کیا جائے، ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ جو نہ صرف عوامی خدمت اور فلاح و بہبود پر مرکوز ہو بلکہ مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑے۔فورم کے مطابق معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دُشمن چاہتا ہے کہ کسی طرح ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلائی جائے ، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا۔کانفرنس میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کے تعمیری کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے شرکاء کانفرنس نے واضح کیاکہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایت اس بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔افواج پاکستان حکومتی ہدایات اور پاکستانی عوام کی اُمنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعا گریز نہیں کریں گی ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔خطے کے امن کا انحصار کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت فراہم کرنے پر ہے۔



