خیبرپختونخوا اسمبلی نے گورنر کے اختیارات مزید محدود کرنے کا بل منظور کر لیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا اسمبلی نے گورنر کے اختیارات میں مزید کمی کا بل منظور کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن آرڈیننس 1978ء میں ترمیمی بل کے پی اسمبلی سے آج منظور ہوا ہے جسے آئین کے آرٹیکل 242(1B)، آرٹیکل 105 اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کی روشنی میں پیش کیا گیا۔

بل کی منظوری کے بعد اب چیئرمین پبلک سروس کمیشن کا تقرر گورنر، وزیراعلیٰ کے مشورے پر کریں گے، انتظامی امور میں گورنر، وزیراعلیٰ یا کابینہ کے مشورے کے مطابق عمل کریں گے اس حوالے سے آرڈیننس 1978ء کی دفعات 3، 4، 6، 7، 8 اور 9 میں ترامیم منظور کر لی گئیں۔

بل کے متن کے مطابق متعلقہ دفعات میں جہاں مناسب ہو لفظ ’’گورنر‘‘ کی جگہ ’’حکومت‘‘ استعمال کیا جائے گا، چیئرمین کی تقرری سے متعلق آئین کے تحت گورنر کا کردار برقرار رکھا جائے گا، پبلک سروس کمیشن کے قانونی و انتظامی ڈھانچے کو آئینی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا، انتظامی اختیارات سے متعلق ابہام کا خاتمہ کیا جائے گا، مجوزہ ترامیم سے شفافیت، میرٹ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ ملے گا۔

مزید خبریں

Back to top button