ایران کا سب سے بڑا سرمایہ اس کےعوام اوران کا اتحاد ہے،ایرانی صدر

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک اتحاد، قومی یکجہتی اورعوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ ترقی،وقاراورخوشحالی کے سفر کو جاری رکھے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے پوری قوم کو یہ سبق دیا کہ ایران کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے عوام اور ان کا اتحاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ایرانی قوم اسی سوچ اور رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور عوام کی مخلصانہ خدمت کے ذریعے ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر آگے بڑھائے گی۔
صدر پزشکیان نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کا مستقبل قومی یکجہتی، عوامی اعتماد اور مشترکہ کوششوں سے وابستہ ہے، اور حکومت ملک کی عزت، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات جاری ہیں اور ملک بھر میں تعزیتی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق صدر پزشکیان کے اس بیان کا مقصد موجودہ حالات میں قومی اتحاد کو فروغ دینا اور عوام کو یہ یقین دلانا ہے کہ ایران اپنی داخلی اور علاقائی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھے گا۔



