اقوام متحدہ کی وارننگ: آئندہ 5 سال بھی شدید گرمی اور موسمی تبدیلیوں کا خطرہ برقرار

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال سمیت آئندہ چار سے پانچ برسوں کے دوران عالمی اوسط درجہ حرارت ریکارڈ سطح یا اس کے قریب رہنے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث دنیا شدید موسمیاتی تبدیلیوں کی لپیٹ میں رہے گی۔
اقوام متحدہ کے موسمیاتی و ماحولیاتی ادارے کے مطابق 2015 کے بعد سے اب تک کے 11 گرم ترین سال ریکارڈ کیے جا چکے ہیں اور یہ رجحان مستقبل میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2031 سے پہلے ایک نیا گرم ترین سال ریکارڈ ہونے کا بھی قوی امکان موجود ہے۔
عالمی ادارۂ موسمیات (WMO) کے مطابق 2026 سے 2030 کے درمیان 5 سالہ اوسط درجہ حرارت کے صنعتی دور (1850–1900) کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا 75 فیصد امکان ہے۔
ادارے نے مزید کہا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں عالمی درجہ حرارت ریکارڈ سطح کے قریب یا اس سے بھی زیادہ رہنے کا خدشہ ہے، جو ماحولیاتی نظام، زراعت اور انسانی زندگی پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
یہ پیشگوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی یورپ شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے اور برطانیہ و فرانس میں مئی کے درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بڑھتا ہوا عالمی درجہ حرارت اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دنیا کو فوری اور مؤثر موسمیاتی اقدامات کی ضرورت ہے۔



