اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 7 دکانیں سیل

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس کی ٹیموں نے ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور غیر محفوظ ری فلنگ مراکز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 دکانوں کو سیل کر دیا، جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی کے دوران غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ، ناقص سلنڈرز کے استعمال اور فائر سیفٹی آلات کے بغیر کاروبار کرنے والے دکان داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیل کی گئی دکانوں کا سامان بھی بحقِ سرکار ضبط کر لیا گیا۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ اور حفاظتی اقدامات کے بغیر کاروبار کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے دکان داروں کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر سول ڈیفنس کے مقررہ حفاظتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر دکانیں سیل کرنے کے ساتھ سخت قانونی کارروائی، بھاری جرمانوں اور قید کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

جاوید اختر کھچی کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور ضلع کو غیر قانونی ایل پی جی کاروبار سے پاک کرنے تک یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بااثر شخصیت یا دکان دار کو قانون سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button