بھارت کی آبی دہشتگردی، دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کیلئے اہم الرٹ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کیلئے متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دے دی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بھارت دریائے چناب پر قائم سلال ڈیم کے سپل ویز 21 مئی کی صبح نو بجے سے 30 مئی تک کھول رہا ہے۔ جہاں سلٹ فلشنگ کےعمل کے دوران لاکھوں کیوسک پانی چھوڑا جائےگا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس اضافی پانی کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح اچانک دو سے تین میٹر تک بلند ہوسکتی ہے جبکہ مرالہ بیراج پر پانی کے بہاؤ میں غیرمعمولی اتارچڑھاؤ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد ڈویژن سمیت سیالکوٹ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، جھنگ اور چنیوٹ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیاگیا ہے جبکہ ریسکیو اداروں اور کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دریا کے قریبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔



