تھرپارکر کے نوجوان انجینئر سنیل کمار سونی پاک-چائنا انجینئرنگ پروگرام2026کیلئےمنتخب

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے لیے باعثِ فخر خبر یہ ہے کہ ضلع کے نوجوان انجینئر رٹن انجینئر سنیل کمار سونی کو پاک-چائنا انجینئرز بلڈنگ کیپیسٹی فلیگ شپ پروگرام 2026 کے لیے پاکستان بھر کے تقریباً 17 لاکھ 50 ہزار انجینئرز میں سے منتخب ہونے والے صرف 9 انجینئرز میں شامل کیا گیا ہے۔ سنیل کمار سونی تھرپارکر کے واحد انجینئر ہیں جو اس باوقار پروگرام میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ دس روزہ پروگرام پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC)، چائنیز سوسائٹی آف انجینئرز (CSE) اور ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (گوانگژو) کے اشتراک سے چین کے شہر گوانگژو میں منعقد ہوگا۔ پروگرام کا موضوع "AI-driven Innovation: Creating the Future” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے جدت اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔ دریں اثنا، سنیل کمار سونی نے یکم جولائی 2026 سے روٹری کلب مٹھی کے صدر کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ روٹری انٹرنیشنل کے سال 2026-27 کے مرکزی موضوع "Create Lasting Impact” کے تحت سماجی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر ان کے والد رٹن انجینئر ہریش سونی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ تھرپارکر، سندھ اور پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، تکنیکی تعاون اور انجینئرنگ کے شعبے میں صلاحیتوں کے فروغ کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



