بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 جولائی تک توسیع

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔
26 نومبر احتجاج سے متعلق درج مقدمات کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی، جہاں بشریٰ بی بی کے خلاف 12 مقدمات زیر سماعت تھے۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل انصر کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیسز کی مزید سماعت 23 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ضمانت میں توسیع کا حکم جاری کیا۔
مقدمات میں تھانہ رمنا، ترنول اور سیکرٹریٹ سمیت مختلف تھانوں میں درج دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں، جبکہ ان پر کارکنان کو مبینہ طور پر اشتعال دلانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔



