بشریٰ انصاری کا عمر پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عمر سے متعلق تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ناقدین کو اب پرانے طعنے دہرانے کے بجائے کچھ نیا سوچنا چاہیے۔
بشریٰ انصاری اپنی بھانجی اداکارہ زارا نور عباس کی انسٹاگرام اسٹوریز میں نظر آئیں، انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ہر وقت کسی کو بوڑھا اور کسی کو موٹا کہنے میں مصروف رہتے ہیں، ایسے افراد کا رویہ انتہائی عجیب ہے۔
زارا نور عباس کے شوہر اسد صدیقی نے جب پوچھا کہ وہ کن لوگوں کی بات کر رہی ہیں تو بشریٰ انصاری نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان ناقدین کے سوشل میڈیا پروفائلز پر اکثر پرندوں کی تصاویر لگی ہوتی ہیں، حالانکہ کچھ اور ہونا چاہیے۔
گفتگو کے دوران ان کی بہن اور اداکارہ اسما عباس بھی شامل ہوئیں اور کہا کہ وہ بھی عمر سے متعلق ایک جیسے جملے سن سن کر تنگ آ چکی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ شاید انہیں کوئی ایسا کام کرنا چاہیے جس پر واقعی لوگ بات کریں، کیونکہ اس وقت ناقدین کے پاس ان کی عمر کے علاوہ تنقید کے لیے کوئی موضوع نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے بعض لوگ ان سے اور ان کی بہن سے اس لیے حسد کرتے ہوں کہ وہ عمر کے اس مرحلے میں بھی متحرک اور مصروف زندگی گزار رہی ہیں، جبکہ تنقید کرنے والے خود فارغ بیٹھے ہیں۔



