برطانیہ میں بس ڈپو میں خوفناک آتشزدگی، 36 ڈبل ڈیکر بسیں جل کر تباہ

لندن (ویب ڈیسک)برطانیہ کے علاقے چاڈویل میں واقع ایک بس ڈپو میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 36 ڈبل ڈیکر بسیں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں۔

مقامی فائر بریگیڈ کے مطابق آگ جمعہ کی شام تقریباً 6 بجے بھڑکی، جس نے تیزی سے پورے بس اسٹوریج یارڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پانچ فائر ٹیمیں اور تقریباً 25 اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شدید آگ کے باعث نہ صرف بسیں تباہ ہوئیں بلکہ اردگرد کے علاقوں میں دھوئیں کے بادل پھیل گئے، جبکہ کچھ مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

ابتدائی فائر انویسٹی گیشن میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ آگ حادثاتی نہیں بلکہ مبینہ طور پر دانستہ طور پر لگائی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق دھوئیں کے بڑے بادل 20 میل سے زائد فاصلے تک دیکھے گئے، جبکہ کئی علاقوں میں جلی ہوئی اشیاء کی بو بھی محسوس کی گئی۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعے کے وقت مشکوک سرگرمی دیکھی ہو تو وہ تفتیشی اداروں سے فوری رابطہ کرے۔

مزید خبریں

Back to top button