بریسٹ فیڈنگ نہ کرانے سے معیشت پر بوجھ بڑھ رہا ہے، وزیرمملکت برائےصحت

اسلام آباد(jano.pk) وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کا کہنا ہے کہ ماں کا دودھ ہی بچوں کے لیے بہترین ہے، بریسٹ فیڈنگ نہ کرانے سے معیشت پربوجھ بڑھ رہا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائےصحت ڈاکٹر مختاربھرتھ کا کہنا تھا کہ ملک میں بچوں کی افزائش کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، ماں کا دودھ ہی بچوں کے لیے بہترین ہے۔
ڈاکٹر مختاربھرتھ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرین کوبھی اس متعلق آگاہی دینےکی ضرورت ہے، بریسٹ فیڈنگ پرقانون سازی موجود ہے جس پرعملدرآمد کرا رہے ہیں، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خواتین کوآگاہی دی جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بریسٹ فیڈنگ نہ کرانے سے معیشت پر بوجھ بڑھ رہا ہے، حکومت بریسٹ فیڈنگ پرمؤثر قانون سازی کرےگی۔
خیال رہے کہ ڈبے کا دودھ صرف ماں سے محروم بچے کی ضرورت ہے لیکن فارمولا دودھ پر اربوں روپے غیر ضروری خرچ کیے جاتے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق ڈبےکا دودھ یا فارمولا ملک صرف ان بچوں کو دیا جاسکتا ہے جن کی مائیں پیدائش کے دوران یا فوراً بعد انتقال کر جائیں اور ایسے بچوں کو کسی بھی دوسری رضاعی ماں کا دودھ دستیاب نہ ہو، وہ تمام بچے جن کی مائیں زندہ ہوں اور اپنے بچوں کو دودھ پلاسکتی ہوں ان کو ڈبے کا دودھ پلانا ایک سنگین طبی غفلت اور انہیں اپنے ہاتھوں سے موت کے منہ میں دھکیلنےکے مترادف ہے۔



