چین کے C919 مسافر طیارے کی پہلی بین الاقوامی تجارتی پرواز مکمل

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے مقامی طور پر تیار کردہ بڑے مسافر طیارے C919 نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی پہلی بین الاقوامی تجارتی پرواز مکمل کرلی، طیارہ منگولیا کے دارالحکومت اولان باتر میں بحفاظت لینڈ کر گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق بیجنگ سے روانہ ہونے والی C919 کی پرواز کی اولان باتر آمد کے ساتھ ہی طیارے کے لیے پہلے بین الاقوامی تجارتی فضائی روٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔
C919 کو تجارتی آپریشن میں شامل کیے جانے کے بعد یہ اس کی پہلی بین الاقوامی تجارتی پرواز ہے، جسے چین کی مقامی طیارہ سازی کی صنعت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ طیارہ چینی کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (COMAC) نے تیار کیا ہے۔
دو انجنوں پر مشتمل C919 کی لمبائی 127.6 فٹ جبکہ پروں کی چوڑائی 117.5 فٹ ہے۔ طیارے کی اونچائی 39.32 فٹ، کیبن کی چوڑائی 12.8 فٹ اور کیبن کی اونچائی 7.38 فٹ ہے۔
طیارے میں ترتیب کے لحاظ سے 156 سے 192 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جبکہ ایک مرتبہ ایندھن بھرنے کے بعد یہ تقریباً 4 ہزار سے ساڑھے 5 ہزار کلومیٹر تک پرواز کرسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق C919 زیادہ سے زیادہ 20 ہزار 400 کلوگرام وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پہلی بین الاقوامی تجارتی پرواز کی تکمیل کو چین کی جانب سے عالمی مسافر طیارہ سازی کی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔



