کون سا پرندہ سب سے سریلی آواز نکالتا ہے؟ سائنسی تحقیق میں دلچسپ انکشاف

جرمنی (ویب ڈیسک) پرندوں کی چہچہاہٹ اکثر انسانوں کو سکون اور خوشی کا احساس دلاتی ہے، تاہم ایک نئی سائنسی تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ مختلف پرندوں کی آوازوں میں سے کون سی آواز انسانوں کو سب سے زیادہ خوشگوار محسوس ہوتی ہے۔

جرمنی کی یونیورسٹی آف ٹیوبنگن کے سائنس دانوں نے اس حوالے سے تحقیق کی، جس میں 84 افراد کو جنگلی پرندوں کی 123 مختلف اقسام کی آوازوں کی ریکارڈنگ سنوائی گئی اور ان سے ہر آواز کی خوشگواری کے بارے میں رائے لی گئی۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق یوریشین بلیک برڈ، جس کا سائنسی نام ٹَرڈَس مَیرُولا ہے، کی آواز شرکا کو سب سے زیادہ پسند آئی۔ اسے پانچ میں سے اوسطاً 4.52 نمبر دیے گئے۔

یوریشین بلیک برڈ یورپ کے باغات، پارکوں اور جنگلات میں عام پایا جاتا ہے، جبکہ اس کی آواز کو نرم، مدھر اور بانسری جیسی خصوصیات کی حامل قرار دیا جاتا ہے۔

تحقیق میں یورپی گولڈ فنچ نے 4.26، یورپی رابن نے 4.04 اور بلیو ٹِٹ نے 3.92 نمبر حاصل کیے۔

اس کے برعکس برن اول کی آواز شرکا کو سب سے کم پسند آئی، جسے اوسطاً صرف 1.32 نمبر دیے گئے۔ تحقیق کے مطابق اس پرندے کی آواز نسبتاً کھردری اور تیز چیخ جیسی محسوس ہوتی ہے۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پرندوں کی آوازوں کے بارے میں انسانی پسند مختلف ہو سکتی ہے، تاہم بعض پرندوں کی مخصوص دھنیں اور آوازیں انسانوں کو زیادہ پُرسکون اور خوشگوار محسوس ہوتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button